سلمان علی آغا نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرلی

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

سری لنکا کے شہر کینڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ہم نے انڈر پرفارم کیا،  4 ٹورنامنٹس میں ہم سیمی فائنل میں نہیں پہنچے، پریشر میں آکر اچھے فیصلے نہیں کرپا رہے، اگر انڈر پریشر آتے رہیں گے تو یہی کچھ ہو گا،  شکست کی ذمہ داری ہم ہی لیں گے کپتان اور کوچ دونوں ذمہ داری لیں گے، ہم سلیکشن میں بھی شامل تھے پلیئنگ الیون بھی ہم نے کھلائی۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر پلیئنگ الیون بناتے ہیں ہم کوچ کے ساتھ مل کر کمبی نیشن بناتے ہیں، صاحبزادہ فرحان کے علاوہ بیٹنگ میں کوئی کامیاب نہیں ہوا ، میں اپنی کپتانی کا اس وقت فیصلہ کروں گا تو یہ جذباتی پن ہوگا، واپس جا کر دو چار دن لوں گا پھر دیکھتے ہیں کیا فیصلہ کرتا ہوں۔

سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ  فخر زمان نے غیر معمولی بیٹنگ کی ہمیں پاور پلے میں ایسی ہی بیٹنگ کی ضرورت تھی ،  ہمیں میچ سے پہلے ہی علم تھا کہ ہمیں کیسے پلان کرنا ہے تاکہ سیمی فائنل میں پہنچیں،  ہم ابھی کہہ سکتے تھےکہ فخر زمان کو پہلے چار میچز کھیلنے چاہیے تھے، فخر زمان کی اس سے قبل فارم اچھی نہیں تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی لیکن ورلڈکپ سے باہر ہوگیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 212 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 207 رنز بناسکی۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم پر آؤٹ کرنا تھا تاہم پاکستانی بولرز سری لنکا کو 147 رنز پر نہ روک سکے اور گرین شرٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہوگئے۔

Similar Posts