یو اے ای کا پروازیں منسوخ ہونے پر مسافروں کے قیام اور خوراک کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان سیاحوں کے ہوٹل، قیام اور کھانے پینے کے اخراجات برداشت کرے گا جو امریکا، اسرائیل اور ایران حملوں اور کشیدگی کے سبب پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے ملک میں پھنس گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث یو اے ای کی ایئر لائنز، ایمریٹس، اتحاد ایئر ویز، فلائی دبئی اور ایئر عربیہ نے اپنی پروازیں معطل یا محدود کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر دبئی، ابو ظہبی اور شارجہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے روانہ نہیں ہو پا رہے۔

متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پیرکو تصدیق کی کہ ملک بھر میں پروازیں عارضی طور پر اب بھی معطل ہیں کیونکہ کئی علاقائی فضائی حدود کی بندش سے شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ اتھارٹی نے کہا کہ یہ فیصلہ حفاظتی اور عملی خطرات کے جائزے کے بعد قومی اور بین الاقوامی حکام کے مکمل تعاون سے کیا گیا۔

تمام بڑے ہوائی اڈوں بشمول دبئی انٹرنیشنل، ال مکتوم، شیخ زید اور شارجہ انٹرنیشنل ہوائی اڈوں پر پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ ۔

جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ متاثرہ مسافروں کے تمام اخراجات ریاست کی طرف سے پورے کیے گئے ہیں، اور انہیں عارضی رہائش، کھانے اور مشروبات فراہم کیے گئے ہیں۔

گزشتہ چند گھنٹوں میں تقریباً 20,200 مسافروں کی مدد کی گئی، اور ہوائی اڈوں میں رش کم کرنے کے لیے پروازوں کے دوبارہ راستے، شیڈول میں تیزی اور ٹرمینلز میں ہم آہنگی کے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ آپریشنز محفوظ اور منظم انداز میں بحال ہو سکیں۔

جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے صرف سرکاری ذرائع اور براہ راست ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔

Similar Posts