وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ نے نئے ریکارڈ بنا دیے، پانچ ماہ کی مختصر مدت میں ساڑھے تئیس ہزار گھر تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ کوئی حکومت 5 سال میں اتنے گھر نہیں بنا سکی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست طاقتور نہیں بلکہ کمزور اور مستحق افراد کے لیے ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، جو ضرورت مندوں کا خیال رکھتی ہے اور ان کی آواز سنتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیح فلاحی منصوبے ہیں اور اب حکومت خود عوام کے دروازے پر پہنچ رہی ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مختصر ترین مدت میں گھروں کی تعمیر کا ریکارڈ قائم کیا گیا، جو پچھلی کسی بھی حکومت نے پانچ سال میں نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ صرف پانچ ماہ میں 28 ہزار 219 گھرانوں کو 30 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیے گئے۔ دھی رانی پروگرام کے تحت 2 ہزار شادیاں بھی کروائی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے ساڑھے 12 لاکھ افراد کے لیے راشن کارڈ لانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ یکم مئی سے پاکستان کی تاریخ کا پہلا راشن کارڈ متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت مستحق خاندانوں کو چار ماہ میں 10 ہزار روپے دیے جائیں گے تاکہ ان کے کچن کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔