خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، صدر مملکت

0 minutes, 0 seconds Read
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ خواتین پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

صدر مملکت نے کہا کہ قائدِ اعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا تھا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے، کاک پٹ سے پارلیمنٹ تک خواتین کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے، آئینی اقدامات سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی، امتیازی قوانین اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ مساوی حقوق سے خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے، دیہی خواتین زراعت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی معاہدوں کا پابند ہے،  نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور دیگر ادارے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ویمن امپاورمنٹ پیکج خواتین کی معاشی بہتری کے لیے اہم ہے، خواتین کو قرض، جائیداد اور روزگار تک برابر رسائی دینا ضروری ہے، ترقی کا اصل پیمانہ خواتین کی زندگی میں عملی بہتری ہے۔

Similar Posts