کراچی: گلبہار میں 2 ملزمان کے قبضے سے 11 کروڑ کی منشیات برآمد

0 minutes, 0 seconds Read
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان ایس آئی یو پولیس کے مطابق گلبہار کے علاقے میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے بھتہ خوروں کی موجودگی کی اطلاع پر ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران بین الصوبائی منشیات فروش اصغر بلوچ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت بہادر علی اور عمران حیدر کے نام سے ہوئی۔

ملزمان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی 8 کلو 570 گرام ویڈ (Weed) برآمد ہوئی ہے جس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 11 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزمان لیاری گینگ وار کے بھتہ خور گروہ سے تعلق رکھنے والے بین الصوبائی منشیات ڈیلر اصغر بلوچ کے قریبی ساتھی ہیں اور مختلف شہروں میں منشیات کی ترسیل میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔ حکام کے مطابق مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔

Similar Posts