بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کے بلے باز سلمان علی آغا آؤٹ ہونے پر غصے میں آگئے، جب تھرڈ امپائر نے رن آؤٹ قرار دیا تو دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں میں گرما گرمی ہوگئی جب کہ بنگلادیشی ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔
جمعے کو میرپور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی بلے باز سلمان علی آغا متنازع انداز میں رن آؤٹ ہونے پر برہم دکھائی دیے۔ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 39 ویں اوور میں پیش آیا جب وہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے۔

میچ کے دوران پاکستانی کپتان محمد رضوان نے گیند کو دفاعی انداز میں کھیلتے ہوئے سیدھا بولر کی جانب دھکیل دیا۔ اس دوران گیند ہلکے سے نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سلمان علی آغا سے ٹکرا گئی جب کہ بنگلہ دیش کے بولر مہدی حسن مرزا بھی ان سے ٹکرا گئے۔
واقعے کے بعد سلمان علی آغا اپنی کریز سے باہر تھے اور جھک کر گیند اٹھا کر بولر کو واپس دینے کی کوشش کر رہے تھے تاہم مہدی حسن مرزا نے ان سے پہلے گیند اٹھائی اور وکٹ پر مار کر انہیں رن آؤٹ کر دیا۔
امپائرز نے اپیل کے بعد سلمان علی آغا کو آؤٹ قرار دے دیا جس کے بعد وہ واضح طور پر ناراض نظر آئے، سلمان علی آغا 62 گیندوں پر 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آؤٹ قرار دیے جانے کے بعد سلمان علی آغا غصے میں نظر آئے اور پویلین واپسی کے دوران انہوں نے اپنے دستانے اور ہیلمٹ زمین پر پھینک دیے۔