بٹلر اور بروک کی بھارت کیخلاف 233 رنز کی پارٹنرشپ، ریکارڈ کے انبار لگا دیے

بھارت کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے بلے باز جوز بٹلر اور ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 233 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرتے ٹی 20 کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ اس کے ساتھ ہی یہ شراکت ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی شراکت بھی بن گئی ہے۔

ہفتے کو انگلینڈ کے شہر ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے 5 میچوں کی سیریز کے آخری ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے بھارت کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 257 کا پہاڑ کردیا۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد انگلش وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر اور کپتان ہیری بروک نے بھارتی بولرز کی بھرپور انداز میں دھلائی کی اور کئی تاریخی ریکارڈ اپنے نام کیے۔

دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 233 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی، جو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں دوسری وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ بھارت کے سنجو سیمسن اور تلک ورما کے پاس تھا، جنہوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 210 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

یہ شراکت بھارت کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی بن گئی۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک اور ڈیوڈ ملر کے پاس تھا، جنہوں نے 2022 میں گوہاٹی میں بھارت کے خلاف 174 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

جوز بٹلر اور ہیری بروک نے اس شراکت کے ساتھ انگلینڈ کی ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ کی سب سے بڑی شراکت 170 رنز کی تھی، جو جوز بٹلر اور الیکس ہیلز نے 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں قائم کی تھی۔

اس میچ میں جوس بٹلر نے بھارتی گیند باز اکشر پٹیل کی گیند پر ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ کے اوپر چھکا لگا کر شاندار سنچری اسکور کی۔ سنچری مکمل ہونے پر شائقین نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا جب کہ بٹلر نے نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود ہیری بروک کو گلے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔

بھارت کی مشکلات اس وقت مزید بڑھ گئیں جب سنچری مکمل ہونے کے فوراً بعد اگلی گیند پر سوریانش شیڈگے نے ڈیپ ایکسٹرا کور پر جوز بٹلر کا آسان کیچ چھوڑ دیا، جس کے بعد انہیں مزید کھیلنے کا موقع مل گیا۔

دوسری جانب ہیری بروک نے بھی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو بھارت کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں مشترکہ طور پر تیسری تیز ترین ففٹی ہے۔ اس فہرست میں جنوبی افریقا کے مارکو یانسن 2024 میں سنچورین میں 16 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر پہلے نمبر پر ہیں جب کہ کیمرون گرین اور جیکب بیتھل نے بھی 19، 19 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

جوز بٹلر کی شاندار سنچری، ہیری بروک کی برق رفتار اننگز اور دونوں کے درمیان 233 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت نے انگلینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا جب کہ بھارتی ٹیم اس ریکارڈ ساز بیٹنگ کے سامنے بے بس دکھائی دی۔

Related posts