آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان، 2 پاکستانی بھی شامل

0 minutes, 0 seconds Read

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فروری 2026 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان، انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس اور امریکا کے فاسٹ بولر شیڈلے وین شالکوک کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جب کہ آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کے ناموں میں پاکستان کی فاطمہ ثنا، سری لنکا کی ہرشیتھا سمارا وکرما اور بھارت کی ارون دہاتی ریڈی شامل ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رواں سال فروری میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مینز پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

صاحبزادہ فرحان

پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان اس فہرست میں شامل ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔

انہوں نے ٹورنامنٹ میں 383 رنز اسکور کیے اور اس طرح ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ 2014 کے ایڈیشن میں ویرات کوہلی کے 319 رنز تھا۔

صاحبزادہ فرحان نے 160.25 کے اسٹرائیک ریٹ اور 76.60 کی اوسط سے رنز بنائے اور ٹورنامنٹ میں 2 سنچریاں بھی اسکور کیں۔ مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے وہ پہلے بیٹر بھی بن گئے، ان کی سنچریاں نمیبیا اور سری لنکا کے خلاف آئیں۔

ول جیکس

انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس بھی نامزد کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی جب کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 173.21 کے اسٹرائیک ریٹ سے 194 رنز اسکور کیے اور 11 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ول چیکس ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں چار مرتبہ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔

شیڈلے وین شالکوک

امریکا کے فاسٹ بولر شیڈلے وین شالکوک نے بھی اپنی بولنگ سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 13 وکٹیں حاصل کیں اور ٹاپ وکٹ ٹیکرز میں شامل رہے۔

انہوں نے ایونٹ کے ابتدائی میچ میں بھارت کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کے خلاف بھی گروپ مرحلے میں 4 وکٹیں لے کر نمایاں کارکردگی دکھائی جب کہ ان کی اکانومی ریٹ 7.76 رہی۔

آئی سی سی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے اختتام پر اعلان کردہ آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھی شامل کیا گیا تھا جب کہ شیڈلے وین شالکوک کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا تھا۔

ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے امیدواروں کا اعلان

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فروری 2026 کے لیے ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں مینز کے ساتھ ویمنز کیٹیگری میں بھی تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ خواتین کی فہرست میں سری لنکا کی ہرشیتھا سماراوکرما، پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا اور بھارت کی اروندھتی ریڈی شامل ہیں۔

ہرشیتھا سمارا وکرما

آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کی بیٹر ہرشیتھا سمارا وکرما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کی 2-1 سے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے تین ون ڈے میچز میں 57 کی اوسط اور 60.85 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 171 رنز اسکور کیے اور سیریز میں ان کی اننگز 66، 35 اور 70 رنز پر مشتمل تھیں اور وہ سیریز کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر رہیں۔

فاطمہ ثنا

پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا بھی نامزد کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف 3 ون ڈے میچز میں 117 رنز بنائے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اس کے علاوہ ٹی 20 سیریز میں بھی وہ نمایاں رہیں جہاں انہوں نے پہلے میچ میں 90 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ تیسرے میچ میں ناقابل شکست 47 رنز اسکور کیے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

بھارت کی فاسٹ بولر اروندھتی ریڈی آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 میچز کی سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر رہیں۔ بھارت نے یہ سیریز 2-1 سے جیتی۔

ریڈی نے سیریز کے تین میچز میں بالترتیب 4 وکٹیں دے کر 22 رنز، 2 وکٹیں دے کر 30 رنز اور 2 وکٹیں دے کر 35 رنز حاصل کیے، جس کے ساتھ ان کی اوسط 10.87 اور اکانومی ریٹ 7.25 رہی۔

آئی سی سی کے مطابق پلیئر آف دی منت ایوارڈ کے فاتح کا فیصلہ آزاد آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی اور دنیا بھر کے شائقین کی ووٹنگ سے کیا جائے گا۔ شائقین آئی سی سی کی ویب سائٹ پر اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ووٹ دے سکتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ووٹنگ میں آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی کے ارکان کے ووٹوں کا حصہ 90 فیصد جب کہ شائقین کے ووٹوں کا حصہ 10 فیصد ہوتا ہے۔ پلیئر آف دی منت ایوارڈ کے فاتح کا اعلان ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں آئی سی سی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کیا جاتا ہے۔

Similar Posts