ایران کی ایک بار پھر سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی دھمکی

0 minutes, 0 seconds Read

ایران نے ایک بار پھر سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کی دھمکی دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے جنوبی ساحل یا جزائر پر حملہ کیا گیا تو خلیج میں تمام بحری راستے بند کر دیے جائیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی ڈیفنس کونسل نے پیر کے روز سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ ایران کے ساحلی علاقوں یا جزائر کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کے نتیجے میں خلیج کے تمام راستے بند کر دیے جائیں گے، مختلف اقسام کی بحری بارودی سرنگیں، جن میں تیرنے والی سرنگیں بھی شامل ہیں، ساحل سے چھوڑ دی جائیں گی۔

ایرانی حکام کے مطابق ایسی صورت حال میں پوری خلیج طویل عرصے تک آبنائے ہرمز جیسی حالت اختیار کر سکتی ہے، جس سے عالمی جہاز رانی شدید متاثر ہوگی۔

ایرانی ڈیفنس کونسل نے مزید کہا کہ 1980 کی دہائی میں بارودی سرنگوں کو صاف کرنے کے لیے تعینات 100 سے زائد مائن سوئپرز بھی محدود کامیابی حاصل کر سکے تھے، اس لیے ایسی کارروائی کے نتائج سنگین ہوں گے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا ایران کو دباؤ میں لانے کے لیے اس کے اہم آئل ایکسپورٹ حب خارگ جزیرے پر قبضہ یا ناکہ بندی کرنے کے منصوبوں پر غور کر رہا ہے تاکہ تہران کو آبنائے ہرمز تمام جہاز رانی کے لیے کھولنے پر مجبور کیا جا سکے۔

ایرانی ڈیفنس کونسل نے یہ بھی کہا کہ غیر متحارب ممالک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کے ساتھ ہم آہنگی کرنا ہوگی۔

Similar Posts