متحدہ عرب امارات میں بارش کا نیا الرٹ، ابوظہبی اور دبئی میں ہنگامی ٹیمیں تیار

0 minutes, 0 seconds Read

متحدہ عرب امارات میں گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے بعد اب موسم میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جس کے تحت درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی صبح ملک کے اندرونی علاقوں میں شدید نمی اور بادلوں کا راج رہا جبکہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونے والی بارش کے بعد اب ہفتے کے وسط سے بارشوں کا ایک نیا اور طویل سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ یہ غیر یقینی موسمی صورتِ حال اپریل کے ابتدائی ایام تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر حکام نے حفاظتی الرٹ جاری کر دیے ہیں۔

اگلے چند روز کی مزید صورتِ حال پر نظر ڈالیں تو اتوار اور پیر کے روز آسمان پر جزوی بادل چھائے رہنے اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ منگل سے بادلوں کی آمد میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ بدھ کے روز بارش کی شدت میں اضافے کی توقع ہے، خاص طور پر شمالی اور مشرقی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے جس سے سمندری حالات بھی کافی خراب ہو سکتے ہیں۔

عرب خلیج میں لہریں بلند ہونے کے باعث ماہی گیروں اور ساحل پر جانے والوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے ابوظہبی پولیس نے حالیہ خراب موسم کے دوران ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد رپورٹس پر فوری کارروائی کی ہے اور مختلف شاہراہوں پر اسپیڈ لمٹ کو کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دیا گیا ہے۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیمیں بھی سڑکوں پر پانی کی نکاسی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ شہریوں کو گاڑی چلاتے وقت محفوظ فاصلہ رکھنے، وادیوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہنے اور موبائل فون پر ویڈیو بنانے جیسی سرگرمیوں سے گریز کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیمیں کسی بھی موسمی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر ماہر ٹیمیں اور جدید مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

تاہم، جہاں ایک طرف انتظامیہ الرٹ جای ہیں، وہیں دوسری طرف دبئی میں بارش کا خوبصورت منظر بھی دیکھنے کو ملا۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں شہری چھتریاں تھامے پرسکون انداز میں شہر میں گھومتے پھرتے اور بارش کے حسین مناظر اور خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔ شہر کے مختلف مقامات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جنہوں نے بارش میں دبئی کی خوبصورتی کو اجاگر کیا۔

ماہرین کے مطابق آئندہ چند دنوں میں موسم میں اتار چڑھاؤ جاری رہے گا، جس میں بادلوں کی آمد، ہلکی سے درمیانی بارش اور بعض علاقوں میں تیز ہوائیں شامل ہوں گی۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

Similar Posts