اسرائیل نئے علاقائی آرڈر کا عادی ہوجائے: پاسدارانِ انقلاب

0 minutes, 0 seconds Read

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں ابھرنے والے نئے علاقائی نظم و نسق کا عادی ہو جائے، جبکہ مزاحمتی قوتوں کے مشترکہ اقدامات نے اسرائیل کے اسٹریٹجک مقاصد کو ناکامی سے دوچار کر دیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قانی نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں موجود اتحادی قوتوں کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیل کو مسلسل دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو خطے میں توسیع پسندی کے عزائم رکھتے ہیں، تاہم ان کے یہ خواب اب حقیقت کا روپ دھارتے نظر نہیں آ رہے۔

ان کے بقول شمال میں حزب اللہ اور جنوب میں انصار اللہ نے اپنی کارروائیوں کے ذریعے صیہونی ریاست کے دعوؤں اور یہودی آبادکاروں سے کیے گئے وعدوں کی حقیقت بے نقاب کر دی ہے۔

جنرل اسماعیل قانی کا کہنا تھا کہ مزاحمتی کمانڈروں کی شہادتوں نے یہ بات واضح کر دی ہے کہ مزاحمتی قوتوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مربوط ہے اور ان کا وار روم ایک ہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدلتی ہوئی صورتحال میں اسرائیل کو اس نئی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے خود کو اس کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔

Similar Posts