پنجاب میں کل سے شدید بارشوں کا امکان، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

0 minutes, 0 seconds Read
لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کل سے شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے سبب پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں بارش سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 4 اپریل تک جاری رہے گا۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔

حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاءالدین میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور سلیمان رینج کے برساتی نالوں کے بہاو میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آسمانی بجلی سے بچاو کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ کسان تمام تر اقدامات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے لہٰذا سیاح شمالی علاقہ جات کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Similar Posts