نسیم شاہ کے متنازع ٹوئٹ کے بعد پی سی بی کا ایکشن، دیگر کھلاڑیوں کو بھی وارننگ جاری

0 minutes, 0 seconds Read

قومی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف متنازع پوسٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے سوشل میڈیا سے متعلق سخت قواعد و ضوابط نافذ کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر تمام کرکٹرز کو باضابطہ وارننگ جاری کر دی ہے۔

بورڈ نے واضح ہدایت دی ہے کہ آئندہ کسی بھی کھلاڑی کو میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑیوں پر سخت مالی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جو کہ ایک کروڑ روپے تک ہو سکتا ہے۔

اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور تنازعات سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

۔

پی سی بی نے تمام کرکٹرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت طے شدہ قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے مینجرز کو بھی نئی گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ آئندہ سوشل میڈیا سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کرے گا اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے خلاف سینٹرل کانٹریکٹ کی خلاف ورزی کے الزام پر کارروائی کرتے ہوئے 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کمیٹی کا کہنات تھا کہ نسیم شاہ نے بورڈ کی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے یہ سزا دی گئی۔

۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز قذافی سٹیڈیم آئیں تھیں۔ اس موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں لکھا گیا کہ ’انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جارہا ہے‘؟

بعدازاں کچھ دیر بعد اس پوسٹ کو ڈیلیٹ کردیا گیا تھا اور نسیم شاہ کی جانب سے وضاحت بھی آئی تھی  کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔ تاہم نیسم شاہ کے متعلقہ بیان نے کرکٹ حلقوں میں ہلچل مچا دی تھی۔

پی سی بی کی جانب سے فیصلے کے بعد نسیم شاہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا جس میں انھوں نے کہا کہ میرے اکاؤنٹ سے حالیہ کی گئی ایک پوسٹ میری مینجمنٹ ٹیم نے شیئر کی تھی، جو میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔

قومی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری تبدیلیاں کر دی ہیں کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔ میں اس پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دلی معذرت کرتا ہوں۔

Similar Posts