بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر قومی کرکٹر فخر زمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ معاملہ کراچی اور لاہور کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا تھا، جہاں فخر زمان نے مبینہ طور پر گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ اس واقعے کے بعد انہیں لیول 3 جرم کے تحت چارج کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان لیول 3 کے قصور وار قرار پائے، فخر زمان ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔
میچ حکام کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے فخر زمان پر دو میچز کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
کرکٹ قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کو سوائے گیند چمکانے کے اُس کی حالت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ قانون 41.3.2 کے تحت کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے گیند کی حالت میں تبدیلی جرم تصور کیا جاتا ہے۔
فخر زمان نے دو بار کیس کی سماعت میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے الزام کو مسترد کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بال ٹیمپرنگ کے باعث لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی بھی عائد کی گئی تھی، جو میچ کے دوران ہی دی گئی۔
واضح رہے کہ 35 سالہ فخر زمان 215 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔