کراچی: کم عمر ڈرائیور ڈی آئی جی کے سامنے پولیس کو چکمہ دے کر فرار، ویڈیو وائرل

0 minutes, 0 seconds Read
غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف جاری مہم کے دوران کلفٹن تین تلوار پر پولیس کے مشترکہ ناکے پر ڈی آئی جی ٹریفک کے سامنے کم عمر لڑکا قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے فرار ہوگیا، گاڑی کی تلاش شروع کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں غیرمنظور شدہ نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف مہم جاری ہے، کلفٹن تین تلوار پرپولیس کے مشترکہ ناکے پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے سامنے 16سالہ کم عمر لڑکے نے قانون کی دھجیاں اڑادیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے کم عمر لڑکے کو پولیس لائٹ لگانے اور رش ڈرائیونگ کرنے پر روکا گیا تھا، کم عمر لڑکا پہلے گاڑی سے اترا، غصہ کیا اور واپس اپنی گاڑی میں بیٹھ کر تیز ڈرائیونگ کرتے اور سگنل توڑتے ہوئے فرار ہوگیا جبکہ ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس اہلکار کم عمر لڑکے کو روکنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق گاڑی کا نمبر نوٹ کرلیا گیا ہے گاڑی نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے، گاڑی بلیک لسٹ کردی گئی ہے، ساتھ ہی گاڑی کی تلاش شروع کردی گئی ہے گاڑی سے متعلق معلومات حاصل ہونے پر اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Similar Posts