ترجمان ایس ایس پی سینٹرل عمران خان کے جاری کردہ بیان کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 11-ای میں دورانِ پیٹرولنگ پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت زین علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، دو راؤنڈ، پرس اور موبائل فون برآمد ہوا۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ واقعے کے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں رحمانی موڑ سیکٹر 5B/3 نارتھ کراچی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد بلال عرف محمد ولد فضل کریم ہے، جس کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔
دریں اثناء تھانہ ناظم آباد کی حدود ریلوے کوارٹر مجاہد کالونی پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت آصف عرف طور ولد عبدالخالق کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے غیر قانونی پستول، ایمونیشن، موٹر سائیکل، تین میگزین اور دو راؤنڈ برآمد ہوئے۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ادھر ضلع ملیر کے علاقے خلجی گوٹھ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت میر احمد جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت جمعہ گل کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان متعدد اسٹریٹ کرائم وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان کے قبضے سے پستول، موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔ برآمد اسلحہ فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔