تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی علی حسن کے مطابق چوری کا واقعہ عیدالفطر کے تیسرے روز محمد زوہیب نامی تاجر کے گودام میں پیش آیا تھا، گرفتار ملزم کی شناخت شکیل کے نام سے کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کھارادر پون کمار نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کا سراغ لگا کر گودام سے چوری کی گئی 2 کروڑ نقدی میں سے ایک کروڑ 57 لاکھ 50 ہزار روپے نقد برآمد کرلی۔
گرفتار ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں گودام سے بورا لیکر جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تاہم ملزم اندھیرے کے باعث وہ ناقابل شناخت تھا، گرفتار ملزم شکیل بولٹن مارکیٹ میں واقع گودام میں چھت سے داخل ہوا تھا جس نے میز کی دراز توڑ کر اس میں سے رکھے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم چوری کر کے پیسے بورے میں بھر کر لے گیا تھا۔
مدعی مقدمہ نے نقدی کی برآمدگی پر ایس ایچ او کھارادر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی نے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔