ایران کے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے جاری؛ کئی عمارتیں منہدم؛ 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی

0 minutes, 0 seconds Read
ایران کے اسرائیل کے شہر حیفہ میں کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی شہر حیفہ کی کئی عمارتیں ایرانی حملوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جہاں 18 گھنٹوں سے جاری ریسکیو آپریشن کے بعد 4 لاشیں نکالی گئی ہیں۔

جن افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں ان میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 35 سے 80 سال کے درمیان ہیں جبکہ 4 افراد زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

اسرائیلی فورسز نے تحقیقاتی رپورٹ میں کہا کہ بیلسٹک میزائل کا وارہیڈ (دھماکہ خیز حصہ) زمین سے ٹکرانے کے باوجود نہیں پھٹا جس میں اندازاً سیکڑوں کلوگرام بارودی مواد موجود تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر یہ پھٹ جاتا تو پوری عمارت تباہ ہوسکتی تھی اور قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچتا البتہ کئی منزلیں تباہ ہوگئی۔

اسرائیلی فضائیہ کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تھا جس کے باعث فضا میں اس کا راستہ بدل گیا اور میزائل کا ایک حصہ (ممکنہ طور پر وارہیڈ) رہائش عمارت پر آن گرا۔

امدادی ٹیموں نے ملبے میں *سرنگیں کھود کر دبے ہوئے افراد کو بہت احتیاط کے ساتھ نکالا کیوں کہ خدشہ تھا کہ اس میں وہ بارودی مواد موجود ہوسکتا ہے جو پھٹنے سے رہ گیا۔

ابھی ریسکیو ادارے امدادی کاموں سے فارغ ہی ہوئے تھے کہ ایران نے  صبح سویرے اسی علاقے میں دوبارہ حملہ کردیا اور اس بار کلسٹر وارہیڈ استعمال کیا گیا جس میں مزید 4 افراد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ 28 فروری سے جاری جنگ میں ایران نے اسرائیل پر 500 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے ہیں جس میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

 

Similar Posts