اورنگی ٹاؤن گیس دھماکہ کیس: عدالت کا ایس ایس جی سی کو 3 کروڑ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

0 minutes, 0 seconds Read
عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 3 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

سینیئر سول جج غربی کی عدالت میں اورنگی ٹاؤن ملت کالونی میں 2022 میں گیس لائن دھماکے سے شہریوں کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے اہم فیصلہ سنادیا۔

عدالت کے مطابق گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا اور کمپنی اس کی روک تھام میں ناکام رہی، جبکہ گیس کی ترسیل کرنے والا ادارہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا پابند ہے۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ اکتوبر 2022 میں گیس لیکج کے باعث گھر میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں درخواست گزار کے والدین جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں گیس لیکیج کی متعدد شکایات کے باوجود لائن کی مرمت نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ایس ایس جی سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ گیس لیکج کمپنی کی لائن سے نہیں ہوئی اور دعویٰ قابلِ سماعت نہیں، جبکہ درخواست گزار کمپنی کا صارف بھی نہیں ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایس ایس جی سی کے گواہ نے درخواست گزار کی جانب سے پیش کردہ گیس بل کو درست تسلیم کیا، گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا اور کمپنی اس کی روک تھام میں ناکام رہی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ادارے کی غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوئے، گیس کی ترسیل کرنے والا ادارہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کا پابند ہے، سوئی سدرن ایک ماہ کے اندر مدعیہ کو 3 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کرے۔

Similar Posts