بھارت کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے مئی 2024 میں منعقد ہونے والے ایک روزہ بین الاقوامی جیولین ایونٹ کے لیے پاکستانی جیولین تھروور گولڈ میڈیلسٹ ارشد ندیم کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس ایونٹ کا انعقاد ’جے ایس ڈبلیو اسورٹس‘ کے تحت بنگلورو کے میں کیا جا رہا ہے، جو نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب ہے۔ اور اس میں دنیا بھر کے صفِ اول کے جیولن ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے۔
نیرج چوپڑا نے 21 اپریل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے دنیا بھر کے نامور جیولین پھینکنے والے کھلاڑیوں کو دعوت نامے بھیجے ہیں، جن میں پاکستان کے ارشد ندیم بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ’میں نے ارشد ندیم سے بات کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنے کوچ سے مشورہ کریں گے اور جلد تصدیق کریں گے۔’تاہم، ارشد ندیم کی جانب سے شرکت کی حتمی تصدیق تاحال موصول نہیں ہوئی۔ نیرج نے مزید کہا کہ جیسے ہی کھلاڑیوں کی حتمی فہرست تیار ہوگی، وہ اسے میڈیا کے ساتھ شیئر کریں گے۔
نیرج اور ارشد ندیم کے درمیان ماضی میں عالمی مقابلوں کے دوران کئی بار کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے، اور دونوں کے تعلقات میں دوستانہ پہلو بھی شامل رہا ہے۔ تاہم، ارشد ندیم کی بھارت آمد بین الاقوامی نوعیت کے باعث بعض حکومتی منظوریوں سے مشروط ہو سکتی ہے۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کے لیے پہلے ہی کئی عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹس نے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے جن میں دو بار کے عالمی چیمپئن اینڈرسن پیٹرز، سابق اولمپک چیمپئن تھامس روہلر، یولیس یگو، کرٹس تھامسن اور یورپ کے کئی اعلیٰ رینکنگ کھلاڑی شامل ہیں۔
ہندوستان کے روہت یادیو سمیت تین سے چار مقامی ایتھلیٹس بھی ایونٹ میں حصہ لیں گے، جبکہ خود نیرج چوپڑا بھی اس میں شرکت کریں گے۔
یہ ایونٹ پہلے نیرج کی آبائی ریاست ہریانہ کے پنچکولا میں تاؤ دیوی لال اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھا، مگر وہاں روشنی کی سہولیات ناکافی ہونے کے باعث اسے بنگلورو منتقل کر دیا گیا۔ نیرج نے بتایا کہ ہریانہ اسٹیڈیم میں صرف 600 لکس روشنی موجود تھی، جو بین الاقوامی نشریات کے لیے ناکافی ہے۔
ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے نیرج چوپڑا کی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا سے بھی بات چیت ہوئی، جنہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔