پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے خلاف سڈنی میں شراب پی کر گاڑی چلانے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر پر ہفتے کے اختتام پر سڈنی کے مشرقی علاقے میں شراب پی کر گاڑی چلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سڈنی کے علاقے ماروبرا میں پولیس نے گاڑی چلاتے ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کیا، سابق کپتان نے پولیس کے ٹیسٹنگ سینٹر سے پہلے ہی گاڑی روکی تاہم اہلکاروں نے ان کا بریتھ ٹیسٹ لیا۔
ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر وارنر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے گرفتار کر کے ماروبرا پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو 7 مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں، وہ پی ایس ایل سے چند روز کی چھٹیوں پر آسٹریلیا گئے تھے اور 9 اپریل کو انہیں ٹیم کو دوبارہ جوائن کرنا تھا۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم وہ اب بھی بگ بیش لیگ میں کھیل رہے ہیں۔