ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں زیر سماعت مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان نے فاضل جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے درخواست جمع کروا دی ہے جس میں شفاف انصاف کی فراہمی پر شکوک و شبہات ظاہر کیے گئے ہیں۔
ملزم ارمغان نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مجھے اس عدالت سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے، لہذا میرا مقدمہ فوری طور پر کسی دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے کیونکہ میری تمام درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں۔
ارمغان نے الزام عائد کیا کہ مدعیہ نے تمام مقدمات اسی فاضل جج کی عدالت میں منتقل کروا لیے ہیں، جس سے خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ جج اور مدعیہ کے مابین کوئی ڈیل طے پا چکی ہے جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔
ملزم نے اپنی درخواست میں شکایت کی ہے کہ دورانِ سماعت فاضل جج کا رویہ میرے اور میرے وکیل کے ساتھ انتہائی نامناسب رہا ہے، جس کی وجہ سے مجھے اس عدالت کے غیر جانبدار ہونے پر تحفظات ہیں۔