سندھ ہائیکورٹ میں اطلاعات تک رسائی کے قانون پر عمل درآمد کے کیس کی سماعت سے دو رکنی آئینی بینچ نے انکار کر دیا۔
بینچ کے سربراہ جسٹس یوسف سعید اور جسٹس عثمان علی ہادی نے ہدایت کی کہ یہ کیس آئندہ بینچ کے دونوں ارکان میں سے کسی کے سامنے بھی پیش نہ کیا جائے اور نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھیج دیا جائے۔
درخواست گزار ڈاکٹر مرتضیٰ کھوڑو نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کے لیے دائر درخواست کو چار سال گزر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے سیکشن چھ کے تحت تمام محکموں پر معلومات عام کرنا لازم ہے، تاہم محکمے قانون کے مطابق عمل نہیں کر رہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ کھوڑو نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ محکموں کو قانون کے مطابق معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ حکومتی معاملات میں شفافیت اور عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے اور کرپشن میں کمی آئے۔