بابراعظم کا ٹی20 کرکٹ میں عالمی ریکارڈ، زلمی کی بیٹنگ میں ریکارڈز کی بارش

0 minutes, 9 seconds Read
بابر اعظم نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 11 کے اہم میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے کراچی کنگز کے خلاف شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا اور کامران اکمل کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا جبکہ ٹیم کے متعدد ریکارڈز بھی بن گئے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور دوسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں کوسل مینڈس اور کپتان بابراعظم نے ٹیم کا اسکور 191 رنز تک پہنچایا، جس میں مینڈس کی سنچری اور بابر کی نصف سنچری شامل تھی۔

کوسل مینڈس نے 52 گیندوں پر 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے جبکہ بابراعظم نے آؤٹ ہوئے بغیر 51 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔

Mendis & Babar dominated together in #HBLPSL11 🔥 #NewEra | #KKvPZ pic.twitter.com/E3RecHAdlI
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) April 9, 2026

بابر اعظم نے کنگز کے خلاف 87 رنز کی اننگز کے دوران ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا اور اس کے ساتھ ساتھ زلمی کی جانب سے 50 رنز سے زائد رنز کی سب سے زیادہ اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

بابراعظم نے ٹی20 کرکٹ میں 338 میچوں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا جبکہ ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹر کرس گیل نے 345 میچوں میں یہ ریکارڈ بنایا تھا، بابر نے 11 سنچریاں اور 99 نصف سنچریاں بنا کر 12 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

𝐂𝐚𝐥𝐦. 𝐂𝐨𝐦𝐩𝐨𝐬𝐞𝐝. 😇

Babar Azam reaches his fifty ✨#HBLPSL11 | #NewEra | #KKvPZ pic.twitter.com/FAFfZTlTz8
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) April 9, 2026

پشاور زلمی کے کپتان اور تجربہ کار بیٹر ٹی20 کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے والے 12 ویں کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، اس فہرست میں اس سے قبل پاکستان کے شعیب ملک شامل تھے، ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی کرس گیل کے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچوں کی 455 اننگز میں 14 ہزار 562 رنز بنائے ہیں، جس میں 22 سنچریاں اور 88 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

بابراعظم نے پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ 50 سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، اس سے قبل کامران اکمل نے 15 مرتبہ 50 رنز سے زائد کی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے کوسل مینڈس نے دوسری وکٹ کی شراکت میں زلمی کے لیے 191 رنز بنائے جو زلمی کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر ریکارڈ شراکت ہے، اس سے قبل بابراعظم اور صائم ایوب نے 162 رنز کی شراکت بنائی تھی۔

بابراعظم اور کوسل مینڈس نے پشاور زلمی کی جانب سے دوسری وکٹ کی شراکت کا حضرت اللہ زازئی اور ویلس کا 126 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف 3 وکٹوں پر 246 رنز بنائے، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے چھٹا بڑا اسکور ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 7 مئی 2025 کو راولپنڈی میں 3 وکٹوں پر 263 رنز کا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیا تھا۔

Similar Posts