شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر اتنے بے خوف ہو چکے ہیں کہ اب تھانوں کے گیٹ بھی محفوظ نہ رہے۔ کورنگی کے الفلاح تھانے کے باہر سے ایک شہری کی موٹرسائیکل اس وقت چوری ہو گئی جب وہ پولیس ملازم سے ملاقات کے لیے تھانے آیا تھا۔
پولیس کے مطابق شہری شاہد اقبال اپنی موٹرسائیکل تھانے کے گیٹ پر کھڑی کر کے تھانے کے اندر داخل ہوا۔ کچھ دیر بعد جب وہ واپس باہر آیا تو موٹرسائیکل غائب تھی۔ واردات کے بعد تھانے میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی گئی۔
کراچی: موٹر سائیکل چوری کیلئے خواتین کا استعمال کئے جانے کا انکشاف
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ ملزم واردات سے قبل ڈیوٹی افسر کے کمرے میں بھی آیا تھا اور پولیس اہلکار سے ملاقات کے بہانے سلام دعا کر کے تھانے میں گھسا بعد ازاں وہ باہر آ کر موٹرسائیکل لے اڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت اور تلاش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ واقعے نے سیکیورٹی کے حوالے سے تھانے کی کارکردگی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔