بلاول بھٹو نے ریفرنڈم کے بجائے 6 ماہ میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا
بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کے بجائے انتخابی اصلاحات کے بعد چھ ماہ میں عام انتخابات کرائے جائیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کے بجائے چھ ماہ میں الیکشن ریفارمز کر کے نئے انتخابات کرا دیے جائیں تو وہ دوبارہ جیت کر بتائیں گے کہ سندھ کے عوام نے ووٹ کیوں دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ریفرنڈم ہوا تو وہ لاہور کا ہوگا اور بلوچستان، خیبر پختونخوا یا سندھ سے کوئی ووٹ نہیں ڈالے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان کی ضمانت لیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنڈم غیر آئینی ہے اور آئین کو الگ رکھ کر ریفرنڈم کرانا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نواب شاہ میں صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، ریفرنڈم کا معاملہ زیر غور نہیں تھا۔
سسٹم ری سیٹ اور نئے صوبوں سے متعلق بحث پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سسٹم گرنے یا ری سیٹ ہونے کی بحث انہوں نے شروع نہیں کی، تاہم اگر کوئی بحث چھیڑتا ہے تو اسے دوسروں کو سننے کا حوصلہ بھی رکھنا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان ایسے چلے گا کہ چیئرمین پی سی بی یہ بحث شروع کریں کہ سسٹم کیسے ری سیٹ ہوگا اور نئے صوبے کیسے بنیں گے، اور کیا سسٹم ری سیٹ کرنے کا فیصلہ پی سی بی کو سونپا گیا ہے؟
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم تو چاہتے ہیں مگر وہ نقشے پر یہ تک نہیں بتا سکیں گے کہ سندھ کے شہر کہاں واقع ہیں۔
اپنے پہلے کے بیان پر پیدا ہونے والی گرما گرمی کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو امن و امان خراب ہوگا اور سندھ میں خون بہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دھمکی نہیں دے رہے بلکہ خبردار کر رہے ہیں اور خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں، جیسا کہ 80 اور 90 کی دہائی میں سندھ میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے حالات بنائے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ زور زبردستی پر بھی پیپلز پارٹی کا کوئی کارکن ہتھیار نہیں اٹھائے گا، لیکن اگر زبردستی کی گئی تو ان کے نہ چاہنے کے باوجود ایسی آگ لگے گی جسے بجھانا مشکل ہو جائے گا، اور پھر یہی محسن بھائی بھاگتے چلے آئیں گے کہ حالات سنبھالیں، مگر اس وقت وہ کچھ نہیں کر پائیں گے کیونکہ ان کے پاس زور زبردستی کی طاقت نہیں بلکہ رائے دینے کا حق ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم نے ہتھیار اٹھائے اور جماعت اسلامی کے تھنڈر اسکواڈ کو کون نہیں جانتا، جبکہ اس تجویز کے بڑے وکیل، جن کا تعلق کراچی سے ہے، انہوں نے بھی ایسے ہی الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کراچی پورٹ سے نکلنے والا سامان باہر نہ جا سکے تو معیشت پر کیا اثر پڑے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ آج بھی چاہتے ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کامیاب ہوں، اور اتحادیوں کے رویے کے باوجود حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں، کیونکہ گورنر شپ یا چیئرمین سینیٹ کی نشست نہ ہونے سے پیپلز پارٹی کی سیاست ختم نہیں ہوگی۔