شعبہ انسداد دہشت گردی میں جاری ڈیجیٹلائزیشن اور جدید آلات کی ضرورت و حصول سے متعلق اہم اجلاس آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرصدارت ہوا، جس میں گفتگو کرتے کرتے ہوئے انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،ڈی آئی جیز پیڈکواٹرز،کرائم اینڈانوسٹیگیشنز،آئی ٹی،فنانس،سی ٹی ڈی،ایس ایس پیزسی ٹی ڈی،اے آئی جیز نے شرکت کی، جس میں شرکا کو ایڈشنل آئی جی سی ٹی ڈی،ڈی آئی جیزسی ٹی ڈی اور آئی ٹی نے شعبے کے مختلف امورکوڈیجیٹلائزکرنے اورجدیدآلات کی ضرورت،اغراض ومقاصد اور حصول سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ حساس معلومات پرمشتمل سندھ پولیس کی ’ریڈبک‘ کو اے آئی فیچرزکے ساتھ ڈیجیٹلائزڈکردیا گیا ہے۔ ریڈبک میں ہائی پروفائل مجرمان و مطلوب ملزمان کے ناموں کے اندراج و اخراج کے لیے مختلف قانون نافذکرنے والے اداروں کے نمائندوں پرمشتمل بورڈتشکیل دیا گیا ہے۔
ڈیجیٹل ریڈبک کے ڈیٹاکو سندھ پولیس کی دیگر آن لائن سرویلئنس ایپلیکیشنز اور سہولیات کے ساتھ بھی منسلک کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے جدید آلات کی افادیت، مؤثر استعمال اور ان کی فراہمی کے طریقۂ کار پر بھی جامع بریفنگ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ جدید آلات کا حصول آپریشنل سرگرمیوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے نفاذ کو تقویت دیتا ہے۔
اجلاس میں آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجزسے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کوجدیدآلات سے لیس کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید آلات کے حصول سے متعلق جامع تجاویز جلد از جلد سندھ حکومت کو منظوری کے لیے پیش کی جائیں۔ آن لائن ایپلیکیشنز اور ڈیجیٹل سسٹمز کے مؤثر استعمال کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین رابطوں کو مضبوط بنایا جائے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کا شعبہ ٹریننگ آئی ٹی برانچ کے تعاون سے پولیس افسران کی تربیتی سیشنزکاانعقادیقینی بنائے۔ سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید وسائل کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں۔