پاکستان کا فوجی دستہ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گیا

0 minutes, 0 seconds Read
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان کا فوجی دستہ کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سعودی وزارت دفاع نے بتایا کہ ‘وزارت دفاع اعلان کرتی ہے کہ برادر ممالک کے درمیان مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی فوج مشرقی سیکٹر میں کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گئی ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستانی فورس پاک فضائیہ کے فائٹر اور سپورٹ طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد مشترکہ عسکری تعاون بڑھانے، دونوں ممالک کے درمیان جنگی تیاروں میں اضافہ اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سلامتی و استحکام میں تعاون ہے’۔

پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سیفر نواف بن سعید المالکی نے بھی ایکس پر سعودی وزارت دفاع کا بیان ری ٹوئٹ کیا اور اردو میں ترجمے کے ساتھ بتایا کہ سعودی وزارت دفاع کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کا ایک فوجی دستہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت مشرقی علاقے میں واقع کنگ عبدالعزیز ایئربیس پہنچ گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستان کو حرمین الشریفین کی حفاظت کی ذمہ داری مل گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ پاکستانی وفد کی موجودگی میں دونوں ممالک کے سربراہاں نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کی ایک اہم شق ہے کہ کسی قسم کا بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا اور جارحیت کی صورت میں دونوں ممالک دشمن کو مشترکہ طور پر بھرپور جواب دیں گے۔

اسی طرح مشترکہ دفاع کی صورت میں دونوں ممالک کسی بھی خطرے کو مل کر دیکھیں گے اور ایک ملک کی طاقت کو دوسرے ملک کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

Similar Posts