کراچی: کلفٹن میں رہائشی اپارٹمنٹ کے سرونٹ کوارٹر سے زنگ آلود ایس ایم جی رائفل اور 40 گولیاں برآمد

0 minutes, 0 seconds Read
کلفٹن میں رہائشی اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ کے بند سرونٹ کوارٹر سے زنگ آلود ایس ایم جی رائفل اور 40 سے زائد گولیاں ملی ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کے علاقے کلفٹن بلاک 8 میں واقع رہائشی اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ کے بند سرونٹ کوارٹرسے زنگ آلود ایس ایم جی رائفل اور40 سے زائد گولیاں ملی ہیں۔

ایس ایچ او کلفٹن نصیر تنولی نے ایکسپریس کو بتایا کہ کلفٹن بلاک 8 میں واقع یوسف آرکیڈ کی یونین کی جانب سے ایک فلیٹ کے بند سرونٹ کوارٹر کا تالا کھولا گیا تو سرونٹ کوارٹر سے زنگ آلود ایس ایم جی رائفل اور40 سے زائد گولیاں ملیں جس پر اپارٹمنٹ کی یونین نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس موقع پر پہنچی تو یونین کے عہدیداروں نے اسلحہ اور گولیاں پولیس کے حوالے کردیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ جس فلیٹ کے سرونٹ کوارٹر سے اسلحہ ملا اس فلیٹ میں خاتون رہائش پذیر تھی اور 2014 میں فلیٹ فروخت کرکے چلی گئی تھی، انہوں نے بتایا کہ خاتون نے فلیٹ کس کو فروخت کیا تھا اپارٹمنٹ کی یونین کے عہدیداروں سے اس کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرونٹ کوارٹر سے ملنے والی زنگ آلود ایس ایم جی پر کندہ نمبر سے اس کے لائسنس کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Similar Posts