وزیر داخلہ کی کراچی میں چینی قونصلیٹ آمد، دوطرفہ تعاون اور سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

0 minutes, 0 seconds Read
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کراچی میں چینی قونصلیٹ آمد ہوئی جہاں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعاون، چینی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چینی بزنس مینوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چین کے بزنس مینوں کے مسائل کے حل کے لیے جلد اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل اور کراچی کے چینی بزنس مینوں کو اسلام آباد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، چینی سرمایہ کاروں کو ہر سطح پر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری کریں، چینی بزنس مینوں کو بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی ترجیح ہے۔

چینی قونصل جنرل نے پاک چین دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متحرک کردار پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ چینی قونصل جنرل نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Similar Posts