بھارتی فلم انڈسٹری میں جہاں بے شمار اداکار جوڑیوں نے شاندار کارکردگی کے ذریعے ناظرین کے دل جیتے ہیں، وہیں ملیالم سنیما کی ایک ایسی جوڑی بھی ہے جس نے نہ صرف مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے بلکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام درج کروا لیا۔
ہم بات کر رہے ہیں لیجنڈری اداکار پریم نذیر اور اداکارہ شیلا کی، جنہوں نے ایک ساتھ کام کر کے بھارتی سنیما کی تاریخ کا ایک سنہری باب رقم کیا۔
ایک سین جس نے بھارتی اداکار کا کریئر تباہ کردیا
پریم نذیر اور شیلا نے ایک ساتھ 130 فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے، جو کسی بھی فلمی جوڑی کے لیے ایک حیران کن اور ناقابلِ یقین اعزاز ہے۔ اس بے مثال کارنامے کی بدولت ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا۔
یہ جوڑی ملیالم سنیما میں رومانوی، خاندانی، جذباتی اور ڈرامائی فلموں کا چہرہ بن گئی تھی، جس نے 1960 اور 70 کی دہائی میں فلم بینوں کو بار بار سینما ہالز کا رُخ کرنے پر مجبور کیا۔
ایشوریا اور ابھیشیک کی فیملی فوٹونےطلاق کی افواہوں کا خاتمہ کردیا
اداکارہ شیلا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1962 میں تمل فلم ”پاسم“ سے کیا، جس میں انہوں نے تمل سنیما کے سپر اسٹار ایم جی رام چندرن کے ساتھ اداکاری کی۔ جلد ہی انہیں ملیالم فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، اور یوں ان کا سنیما سے دیرپا رشتہ قائم ہوا۔
شیلا کی اداکاری کی وسعت کا اندازہ اس واقعے سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک ہی دن میں انہوں نے چار مختلف فلموں کی شوٹنگز کیں۔ ان فلموں میں انہوں نے پریم نذیر کے ساتھ مختلف کردار نبھائے، صبح میں محبوبہ، دوپہر میں بیوی، شام میں بہن اور رات میں ماں۔
اور یہ تمام مناظر چنئی میں مختلف لوکیشنز پر صرف چند گھنٹوں کے وقفے سے فلمائے گئے، جو بھارتی سنیما کی تاریخ کا ایک یادگار اور منفرد لمحہ مانا جاتا ہے۔
پریم نذیر کو ”ایوری گرل کا ڈریم ہیرو“ کہا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 700 سے زائد فلموں میں اداکاری کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔
ان کی موت 1989 میں ہوئی، اور بعد از مرگ انہیں بھارت کے تیسرے بڑے شہری اعزاز پدما بھوشن سے نوازا گیا۔
پریم نذیر اور شیلا کی جوڑی صرف سنیما اسکرین تک محدود نہیں تھی، بلکہ ان کی شراکت بھارتی ثقافت، فن، اور عوامی جذبات کا آئینہ دار بن گئی۔ یہ جوڑی آج بھی ناظرین اور فنکاروں کے لیے ایک مثالی اتحاد سمجھی جاتی ہے۔