آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 2 ہزار ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، 2 ہزار ارب روپے کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرکے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 2 ہزار ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے، جس کا مقصد جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ملک میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
ذرائع کے مطابق، 2 ہزار ارب روپے کی خطیر رقم بنیادی طور پر جاری منصوبوں پر خرچ کی جائے گی تاکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ آئندہ پی ایس ڈی پی میں 100 سے کم نئے ترقیاتی منصوبے شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 230 منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ میں 159 ارب روپے اضافے کا امکان
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کھانے پینے کی متعدد اشیاء پر بھاری ٹیکس کا امکان
ذرائع نے بتایا کہ 168 ایسے منصوبے جو غیر فعال یا غیر اہم سمجھے جا رہے ہیں، انہیں آئندہ پی ایس ڈی پی سے خارج کر دیا جائے گا۔ نئی تجویز کے مطابق مجموعی طور پر 650 ترقیاتی منصوبے پی ایس ڈی پی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی مجموعی لاگت 11 ہزار ارب روپے سے کم ہو کر 9 ہزار ارب روپے تک محدود کی جا سکتی ہے تاکہ اخراجات پر قابو پایا جا سکے جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست پلاننگ کمیشن کو فراہم کر دی گئی ہے، جو ان کی جانچ اور منظوری کا عمل مکمل کرے گا۔