راجیو گاندھی کے داماد نے ہندوتوا کو پہلگام حملے کا ذمہ دار قرار دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read

نئی دہلی؛ کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے تعلق رکھنے والے اور سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا نے پہلگام حملے پر اپنے بیان سے سیاسی ماحول کو گرما دیا۔ رابرٹ واڈرا نے کہا کہ بی جے پی کی ’’ہندوتوا‘‘ پر مبنی پالیسیوں کے باعث ملک میں اقلیتیں، خاص طور پر مسلمان خود کو کمزور، غیر محفوظ اور پریشان محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے دہشتگرد حملے، جس میں شناخت کے بعد ہندو سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا اور کم از کم 26 افراد جاں بحق ہوئے، کو وزیراعظم نریندر مودی کے لیے ایک واضح پیغام قراردیا ہے۔

رابرٹ واڈرا کا کہنا ہے کہ جب حکومت مسلسل صرف ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتی ہے تو اس سے ملک میں فرقہ وارانہ تقسیم کو فروغ ملتا ہے۔ اگر دہشتگرد کسی کی مذہبی شناخت دیکھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، تو یہ موجودہ سیاسی بیانیے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تقسیم کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتیں خود کو ملک میں غیر محفوظ تصور کر رہی ہیں اور اس صورتحال کو صرف قومی قیادت ہی بہتر بنا سکتی ہے۔ ہمیں ایک ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں ہر شہری خود کو محفوظ اور مساوی شہری محسوس کرے۔

پہلگام حملہ : سری نگر کے رہائشی نےاہم سوالات اٹھا دیے

رابرٹ واڈرا کے اس بیان پر بی جے پی کی جانب سے شدید ردعمل آیا۔ بی جے پی آئی ٹی سیل کے سربراہ امت مالویہ نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک! سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا نے دہشتگردی کے عمل کا دفاع کیا اور مجرموں کی بجائے ملک کو موردِ الزام ٹھہرایا۔ یہ وہی بیانیہ ہے جو پاکستان پھیلانا چاہتا ہے۔

رابرٹ واڈرا نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیاں صرف اس وقت رک سکتی ہیں جب اقلیتوں کو یہ پیغام دیا جائے کہ وہ اس ملک میں محفوظ اور برابر کے شہری ہیں۔

واضح رہے کہ پہلگام حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ کے ذیلی گروپ ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘ نے قبول کی ہے۔ اس حملے کے بعد کشمیر میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے واپسی اختیار کرلی ہے، جس سے وادی میں خوف اور بے یقینی کی فضا مزید گہری ہو گئی ہے۔

Similar Posts