وزیراعظم کی ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

0 minutes, 0 seconds Read
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں الیکٹرک وہیکلز (EV) کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کے لیے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر EV گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔

وزیرِ اعظم نے قومی ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی سبسڈی میں شفافیت یقینی بنانے اور اس اسکیم کے نفاذ کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں۔

بریفنگ کے مطابق الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کے لیے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفیکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے اب تک 123 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

حکام کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس سے اندازاً 4.5 ارب ڈالر تک ایندھن کی بچت ممکن ہوگی۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی اسکیم پر کام جاری ہے۔

Similar Posts