پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک
پشاور کے علاقے متنی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان کی موجودگی سے متعلق اطلاعات ملنے پر سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں کارروائی کی، جس کے دوران تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک پستول، 3 ہینڈ گرنیڈ اور شناختی کارڈز برآمد کیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران فرار ہونے والے دیگر مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرار افراد کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔