آزاد کشمیر میں زبردستی دکانیں بند کرانے کے دوران فائرنگ، 2 پولیس اہلکار زخمی

آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے علاقے جھنڈا بگلہ بازار میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔

ڈی آئی جی پولیس پونچھ ریجن راولاکوٹ کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 21 نومبر کو جھنڈا بگلہ بازار میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مبینہ فسادی جتھے کے کارکن احتجاجی کال کے حق میں اعلانات اور ہوائی فائرنگ کر رہے تھے۔

پریس ریلیز کے مطابق، فسادی جتھے کے کارکن مبینہ طور پر دکانیں زبردستی بند کروانے اور مقامی افراد کو 22 نومبر کے احتجاج میں شرکت پر اکسانے کی کوشش بھی کی جا رہی تھی۔

ڈی آئی جی پونچھ سیکٹر کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس نفری موقع پر پہنچی تو مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل ذاکر دائیں ٹانگ اور کانسٹیبل محمد ارباب بائیں ٹانگ پر گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی پونچھ ریجن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے، ہوائی فائرنگ اور زبردستی کاروبار بند کروانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ترجیح ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related posts