ایک وزیر روز مجھ پر تبصرے کر رہا ہے، جواب دیا تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر ایک وزیر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”ایک وزیر آج کل روزانہ ٹیلی وژن پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہا ہے، لیکن جس دن میں نے جواب دیا وہ وزیر منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔
محسن نقوی نے اتوار کو میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر و تحمل سے سن رہے ہیں۔
کاروباری شخصیات پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جن بزنس مینوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں اور ماضی میں وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز آف کامرس کے صدور اور عہدیدار رہ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تنقید کی زد میں آنے والی یہ کاروباری شخصیات پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ کاروباری افراد اتنے ہی برے ہیں تو پھر ہر انتخاب میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں وصول کیے جاتے ہیں؟