محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم خشک رہنے اور رات میں خنکی کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری رہا، اس کے علاوہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور شمال شمال مغرب سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی کمی سے خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ بارشوں میں غیر معمولی کمی کے باعث سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خشک سالی کا خطرہ بڑھ گیا۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور محکمہ موسمیات نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں جبکہ بلوچستان میں چاغی اور واشک کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 200 فیصد جب کہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔

بلوچستان میں بھی اکتوبر اور نومبر کے دوران معمول سے کہیں کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، بارشوں میں مسلسل کمی سے آئندہ تین ماہ کے دوران خشک سالی کی صورت حال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

Related posts