پاک بھارت میچ؛ پاکستانی کپتان کی حاضر دماغی پر امپائر کا فیصلہ تبدیل

پاکستان اور بھارت کی اے ٹیموں کے درمیان میچ میں ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان کی حاضر دماغی نے میچ ریفری کو فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ میچ میں ٌپاکستان اور بھارت کی ٹیمیں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آمنے سامنے ہیں۔

میچ سے قبل ٹاس کے لیے پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد اور بھارت کی اے ٹیم کے کپتان تلک ورما میدان میں آئے۔

ریفری نے سکہ اچھالا تو عبدالصمد نے ’ہیڈز‘ کی کال دی، تاہم سکہ زمین پر گرنے کے بعد میچ ریفری نے اسے ’ٹیلز‘ قرار دیتے ہوئے تِلک ورما کو ٹاس کا فاتح قرار دے دیا۔

ریفری کے اس اعلان پر دونوں کپتانوں نے جھک کر سکے کا بغور جائزہ لیا، جس کے بعد پاکستانی کپتان عبدالصمد نے ریفری کو توجہ دلائی کہ ٹاس حریف ٹیم نے نہیں بلکہ انہوں نے جیتا ہے۔

ریفری نے دوبارہ معائنہ کیا تو پاکستانی کپتان کی بات درست نکلی اور انہیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا جس کے بعد پاکستان کو ٹاس کا فاتح قرار دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ ٹاس اور انٹرویوز کے آغاز کے موقع پر پاکستان اور انڈیا کے کپتانوں کے درمیان روایتی مصافحہ بھی دیکھنے میں نہیں آیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستانی کپتان عبدالصمد نے کہا کہ پچ خشک دکھائی دے رہی ہے اس لیے وہ پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں، ٹیم کے تمام بلے باز اور بولرز پُراعتماد ہیں اور شائقین کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔

انڈین کپتان تلک ورما کا کہنا تھا کہ وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے، ان کے مطابق شائقین کے لیے یہ ایک دلچسپ مقابلہ ہوتا ہے تاہم ان کی ٹیم کے لیے یہ ایک عام میچ کی طرح ہے۔

دونوں ٹیموں نے اپنے گزشتہ میچوں کی فاتح الیون برقرار رکھی ہے اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ دونوں ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں، جس میں نیپال اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 61 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

اس مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 245 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم 40.5 اوورز میں 184 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں جاری 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

پاکستان شاہینز دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ایونٹ میں شریک ہے اور اس کا اگلا گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف شیڈول ہے۔ ہر گروپ کی ابتدائی 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Related posts