ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان کا بھارت کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف
اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے آٹھویں میچ میں پاکستان اے نے بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دے دیا۔
دوحہ میں کھیلے جارہے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں بھارت اے کے خلاف پاکستان اے کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے شامل حسین اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 66 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، شامل حسین 33 رنز بنا کر بدونی کی گیند پر ہریشت رانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ نئے آنے والے روحیل نذیر بغیر کوئی رنز بنائے ہریشت رانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد معاذ صداقت اور حسن نواز کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی، معاذ صداقت 121 کے مجموعی اسکور پر 59 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان اے کا اسکور 186 پر پہنچا تو عبدالصمد 28 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جب کہ پاکستان کی پانچویں وکٹ 230 کے اسکور پر حسن نواز کی گری، انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 79 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
264 کے اسکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ محمد عمران کی گری، انہوں نے 23 رنز بنائے جب کہ 284 کے اسکور پر سعد مسعود 9 رنز بنا کر وپراج نگم کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 304 کے مجموعی اسکور پر گری فرحان یوسف نے شاندار بیٹنگ کی اور 48 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے، انہیں پرنس یادیو نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی نویں وکٹ 310 پر احمد دھنیال کی گری انہوں نے 8 رنز بنائے اور وہ ہریشت رانا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ پاکستان کی آخری وکٹ 313 رنز پر علی رضا کی گری انہوں نے 2 رنز بنائے اور پرنس یادیو کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔
اس طرح پاکستان اے کی پوری ٹیم 49.2 اوور میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دے دیا۔
بھارت اے کی جانب سے پرنس یادیو، ہریشت رانا، سورینش شیڈگے اور وپراج نگم نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آیوش بدونی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کا ٹاس
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے اہم مقابلے میں پاکستان اے کی قیادت عبدالصمد کر رہے ہیں جب کہ بھارتی اے ٹیم کی کپتانی تلک ورما کے پاس ہے،
جہاں پاکستان اے نے بھارت اے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ دونوں ٹیموں نے اپنے گزشتہ میچز کے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان اے کا اسکوڈ
پاکستان اے کی پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑیوں میں شمیل حسین، معاذ صداقت، روحیل نذیر، حسن نواز، عبدالصمد، فرحان یوسف، سعد مسعود، محمد عمران رندھاوا، احمد دانیال، سفیان مقیم اور علی رضا شامل ہیں۔
بھارت اے کا اسکواڈ
بھارت اے کی ٹیم میں ویبھو سوریہ ونشی، ابھیشیک شرما، آیوش بڈونی، تلک ورما، کمار کشاگرا، رنکو سنگھ، سورینش شیڈگے، شہباز احمد، وپراج نگم، ہرشت رانا اور پرنس یادو شامل ہیں۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس فارمیٹ میں اب تک 14 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں بھارت اے نے 9 اور پاکستان اے نے 5 میچز جیتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مقابلہ 2023 کے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں ہوا تھا، جس میں پاکستان شاہینز نے 128 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
واضح رہے کہ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں جاری 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں، جس میں نیپال اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔
پاکستان اے دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ایونٹ میں شریک ہے اور اس کا اگلا گروپ میچ 24 نومبر کو نیپال کے خلاف شیڈول ہےہر گروپ کی ابتدائی 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان شاہینز نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 61 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا، اس مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 245 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم 40.5 اوورز میں 184 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شمائل حسین نے 39 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی، جبکہ معاذ صادق نے 53 رنز بنائے تھے، شمائل حسین کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ بولنگ میں علی رضا اور سفیان مقیم نے 3، 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔