عبیر گلال: فواد خان کا نیا انتخاب کیوں بنا؟ وجہ سامنے آگئی

0 minutes, 1 second Read

کئی سال بعد بالی وڈ میں واپسی کرنے والے پاکستان کے معروف اداکار فواد خان نے اپنی نئی فلم ”عبیر گلال“ کے انتخاب کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ اسکرپٹ کو اولین ترجیح دیتے ہیں، اور یہ فلم بھی انہیں اپنی کہانی کی سادگی اور جذباتی گہرائی کی وجہ سے پسند آئی۔

فواد خان، جو حالیہ برسوں میں ”دی لیجنڈز آف مولا جٹ“ اور ویب سیریز ”برزخ“ جیسے بڑے پروجیکٹس کا حصہ رہے ہیں، کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر سنجیدہ اور رومانوی کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ اسی لیے انہوں نے ”عبیر گلال“ جیسی ہلکی پھلکی اور جذباتی فلم کو اپنی واپسی کے لیے منتخب کیا، جو ان کے اصل فنکارانہ مزاج سے ہم آہنگ ہے۔

پہلگام حملہ، فواد خان کی فلم ’عبیر گلال‘ کے بائیکاٹ کا مطالبہ

اداکار اس وقت فلم کی تشہیری مہم میں مصروف تھے، مگر حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور پہلگام حملے کے بعد فلم کی ریلیز پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکیوں کے بعد فلم کا میوزک لانچ ایونٹ بھی متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقد کیا گیا۔

پاکستانی سپر اسٹار کی بالی ووڈ فلم عبیر گلال کا میوزک دبئی میں لانچ کر دیا گیا

ایک حالیہ انٹرویو میں فواد خان نے بالی وڈ میں اپنے تجربے پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اداکاراؤں سونم کپور، عالیہ بھٹ، انوشکا شرما اور وانی کپور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف یہ فنکارائیں بےحد باصلاحیت ہیں، بلکہ دل کی بھی بہت اچھی ہیں۔

ان کے مطابق، ”عالیہ اور انوشکا توانائی سے بھرپور ہیں، جبکہ وانی اور سونم نیچرل اداکارائیں ہیں جو اپنے کردار میں بخوبی ڈھل جاتی ہیں۔“

بات صرف بالی وڈ پر ہی ختم نہیں ہوئی، فواد خان نے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی بھی کھل کر تعریف کی اور انہیں ”فخرِ پاکستان“ قرار دیا۔

انہوں نے کہا، ”عاطف اسلم ایک ملٹی ٹیلنٹڈ آرٹسٹ ہیں، اور اگر مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو یہ میرے لیے خوش قسمتی ہوگی۔“

فلم ”عبیر گلال“ کی ریلیز فی الحال غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے، تاہم شائقین فواد خان کی اس فلم میں واپسی کے منتظر ہیں، جو ایک نئے رومانوی انداز میں ان کا نیا روپ پیش کرے گی۔

Similar Posts