قومی آل راؤنڈر صائم ایوب کا کرکٹ سے عارضی دوری اختیار کرنے کا فیصلہ
پاکستان کے نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے مسلسل خراب کارکردگی اور ذہنی دباؤ کے باعث کرکٹ سے کچھ عرصے کے لیے دوری اختیار کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا جب کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے خود درخواست کی ہے کہ انہیں کچھ وقت کے لیے کھیل سے وقفہ دیا جائے تاکہ وہ ذہنی طور پر مضبوط ہوکر دوبارہ میدان میں واپسی کرسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب اس وقت اپنے کیریئر کے مشکل ترین دور سے گزر رہے ہیں، ناقص کارکردگی کے باعث انہیں قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جاچکا ہے جب کہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی گریز کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق صائم ایوب نے پی سی بی کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ کھیلنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور کچھ وقت کھیل سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ ذہنی مضبوطی پر کام کرنے کے بعد ون ڈے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے دوبارہ کرکٹ میں واپسی کریں۔
یاد رہے کہ صائم ایوب کو کیریبین ٹی 20 لیگ میں سنچری بنانے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم وہ سیریز کے دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے، جس سے ان کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچا۔
بعد ازاں مسلسل ناکامیوں کے باعث انہیں پاکستان کی ون ڈے سہ ملکی سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا تھا۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کریں گے، تاہم صائم ایوب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ نہیں لیا۔
گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سے صائم ایوب نے اپنے آخری پانچ ون ڈے میچز میں صرف 60 رنز بنائے ہیں جبکہ رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد سے وہ کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہیں کرسکے۔ اس عرصے میں ان کے انفرادی اسکور 24، 19، 6، 14، 7، 21، 29 اور 8 رنز رہے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے تمام فارمیٹس میں کھیلے گئے آخری 15 بین الاقوامی میچز کی 16 اننگز میں صائم ایوب نے 11.75 کی اوسط سے مجموعی طور پر 188 رنز بنائے جب کہ اس دوران ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 33 رنز رہا۔
مسلسل خراب کارکردگی کے باوجود ٹیم مینجمنٹ انہیں مواقع فراہم کرتی رہی تاہم اب صائم ایوب کرکٹ سے وقفہ لے کر اپنی خامیوں پر کام کرنے اور اعتماد بحال کرنے کے بعد دوبارہ میدان میں واپسی کے خواہشمند ہیں۔