ایران امریکا مذاکرات سیکیورٹی؛ اسلام آباد ہائیکورٹ میں رواں ہفتے کوئی سماعت نہیں ہوئی

0 minutes, 0 seconds Read
ایران امریکا مذاکرات کی سیکیورٹی کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ میں رواں ہفتے کسی کیس کی سماعت نہیں ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ریڈ زون کی مسلسل بندش کے باعث رواں ہفتے جوڈیشل ورک متاثر رہا اور عدالت میں ایک بھی سماعت نہ ہو سکی، جس کے نتیجے میں سیکڑوں کیسز التوا کا شکار ہوگئے۔

پیر سے جمعرات تک جوڈیشل ورک نہ ہونے سے کیسز کا پینڈنسی لوڈ (زیر التوا مقدمات کی تعداد) مزید بڑھ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں ریڈ زون کی بندش کے باعث اہم مقدمات کی سماعت بھی متاثر ہوئی، جن میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت بھی شامل تھی، جو 22 اپریل کو مقرر تھی تاہم کازلسٹ منسوخ ہو گئی۔

اسی طرح اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی روکنے سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج مقرر تھی لیکن ہائیکورٹ کی بندش کے باعث یہ سماعت بھی نہ ہو سکی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت پہلے ہی جمعہ کے روز جوڈیشل ورک نہیں ہوتا، جس سے عدالتی امور مزید متاثر ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب اگلے ہفتے ہائیکورٹ کے ججز کے ٹرانسفر کے امکان کے بعد کیسز کے التوا میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ وکلا اور سائلین کو بھی اپنے التوا شدہ کیسز دوبارہ مقرر کروانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

Similar Posts