سندھ حکومت کے کاموں کو کوئی شفاف سمجھتا ہے تو اسے نوبل انعام ملنا چاہیے، حافظ نعیم الرحمٰن

0 minutes, 0 seconds Read
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کوئی سندھ حکومت کے کاموں کو شفاف سمجھتا ہے تو اس کو نوبل پرائز ملنا چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پوری دنیا میں یونیورسٹی روڈ مذاق بن گئی ہے، یہ لوگ کراچی میں کوئی پروجیکٹ مکمل نہیں کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ملک کے بزرگوں کی بی ٹیم ہے، ملک کے بزرگوں سے گزارش ہے وہ ان کے پیچھے نہ آئیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ میئر کراچی کو ’’حق دو کراچی‘‘ سے تکلیف ہوتی ہے لیکن جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی پر کام کر رہی ہے اور مئیر کراچی کے خلاف عدم اعتماد لائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 25 اپریل سے ملک بھر میں ممبر سازی مہم شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک موجودہ نظام قائم رہے گا ملک ٹھیک نہیں ہوگا، قرضے حکمران لیں اور واپس عوام کریں یہ ظلم ہے، پیٹرول میں لیویز پر عدالت کو نوٹس لینا چاہیے، جماعت اسلامی پیٹرولیم لیویز کے خلاف عدالت جائے گی۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے کیے ہوئے ہیں، جو بجلی پیدا نہیں ہوتی اس کے پیسے عوام بھر رہے ہیں، یہ لوگ جب وزیر و مشیر بنتے ہیں تو ملک کے لیے نہیں بلکہ اپنے لیے معاہدے کر رہے ہیں۔ دنیا بھر میں ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا لیکن حکمرانوں نے ایسے معاہدے کیے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کروڑوں بچے اسکول سے باہر ہیں، 15 ارب روپے کا جہاز والی وزیر اعلیٰ اسکولوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہیں، 100 ملین ڈالر بھی ملک کے پاس آجائیں اشرافیہ کھا جائے گی۔

مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر حافظ نعیم نے کہا کہ ایران و امریکا کے درمیان مذاکرات کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں لیکن امریکا کا رویہ درست نہیں ہے۔ اسرائیل اور امریکا نے سید علی خامنہ ای اور اسکول کو نشانہ بنایا، جنگ بندی کے باوجود اسرائیل غزہ میں مظلوم عوام کو نشانہ بنا رہا ہے، جنگ بندی کے دوران لبنان پر حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے مذاکرات کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ کچھ کر نہیں سکتے بلکہ امریکا کی ساخت کو نقصان پہنچا ہے، امریکا اگر مذاکرات کر رہا ہے تو وہ اس کی مجبوری ہے کیونکہ پورا یورپ اس کے خلاف ہوگیا ہے، خلیج میں اربوں روپے خرچ کرکے اڈے بنائے گئے جو اس نے دیکھ لیا کہ وہ بے کار ہوگئے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ امریکا نے اس سے پہلے بھی مذاکرات کے نام پر دھوکا کیا، ایران کی لیڈر شپ کو مبارک باد دیتے ہیں، انہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔ امریکا انسانیت دوستی میں مذاکرات نہیں کر رہا بلکہ امریکا نے اپنے نقصان کی وجہ سے مذاکرات کا راستہ اپنایا۔

انکا کہنا تھا کہ غزہ اور ایران ہی ہیں جنہوں نے امریکا کی طاقت کو کم کیا ہے، امریکا پوری دنیا میں تنہائی کا شکار ہے۔ ایران آبنائے ہرمز پر امریکی گھیراؤ تک مذاکرات نہیں کرے گا، ایران کو ہم سپورٹ کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہے، پاکستان اور سعودیہ عرب کے دفاعی معاہدے میں ترکیہ اور ایران کو بھی شامل کیا جائے۔

دوسری جانب، صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے حافظ نعیم الرحمٰن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کا بیان سستی شہرت حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہے، سندھ کے عوام نے بلدیاتی اور عام انتخابات میں جماعت اسلامی کو مسترد کر دیا ہے۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ’’کرپشن‘‘ کا نہیں بلکہ ’’عوامی خدمت‘‘ اور ترقی کا شاہکار ہے، حافظ نعیم اپنی سیاست چمکانے کے لیے بلاول بھٹو زرداری کا نام استعمال کرنا بند کریں۔ بلاول بھٹو زرداری مقتدرہ نہیں، ملک کے کروڑوں عوام کی آنکھ کا تارا ہیں۔ جس کا اپنا قد کاٹھ چھوٹا ہو، وہ بڑے لیڈروں پر تنقید کر کے بڑا بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے، ان کے پاس عوامی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں، کراچی کی ترقی کے منصوبے پیپلز پارٹی کی اہلیت اور کام کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں۔

سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمٰن پہلے اپنی جماعت کے اندر ہونے والی نااہلیوں کا جواب دیں، بلاول بھٹو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں، تنقید کرنے سے پہلے حافظ صاحب سندھ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کر لیں۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت کا کہنا تھا کہ الزام تراشی کی سیاست اب مزید نہیں چلے گی، عوام صرف کارکردگی دیکھتے ہیں، پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھے گی۔

Similar Posts