حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ جو خواتین اپنے شوہروں پر شک کرتی ہیں انہیں پرسکون رہنا چاہیے کیونکہ آخرکار شوہر واپس اپنی بیوی کے پاس ہی آتا ہے۔
صبا فیصل نے کہا کہ عورت کو خود پر اعتماد ہونا چاہیے اور غیر ضروری خدشات سے بچنا چاہیے، کیونکہ مرد چاہے کہیں بھی جائے، بالآخر اپنے گھر اور خاندان کی طرف ہی لوٹتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بیوی کو اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ کوئی دوسری عورت اس کے شوہر کے قریب آنے سے پہلے سو بار سوچے یہی مضبوطی رشتے کو قائم رکھتی ہے۔
صبا فیصل کا کہنا تھا کہ اگر مرد کے پاس دولت ہو تو وہ کبھی کبھار باہر تعلقات کے بارے میں سوچ سکتا ہے کیونکہ اسے لگتا ہے کہ باہر کی عورت اس کا خیال رکھے گی، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی گھریلو ذمہ داریاں بھی نبھاتا رہتا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بعض گھریلو خواتین کے پاس مصروفیات کم ہوتی ہیں جس کی وجہ سے وہ غیر ضروری طور پر اپنے شوہروں پر نظر رکھتی ہیں، حتیٰ کہ بعض اوقات ڈراموں کی طرح ان کا پیچھا بھی کرواتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی ان دنوں ایک ایسے ڈرامے میں کام کر رہی ہیں جس میں ان کا کردار اپنے شوہر پر نظر رکھنے کے لیے ڈرائیور کو اس کے پیچھے بھیجتا ہے۔
گفتگو کے دوران صبا فیصل نے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا، انہوں نے بتایا کہ تقریباً 25 سال قبل وہ اپنے شوہر کو لینے ان کے دفتر گئی تھیں جہاں انہوں نے ریسپشنسٹ سے کہا کہ مسٹر فیصل کو بلا دیں اور اپنا تعارف مسز فیصل کے طور پر کروایا۔
اداکارہ کے مطابق اگلے روز ان کے شوہر نے پوچھا کہ انہوں نے ریسپشنسٹ سے کیا کہا تھا، کیونکہ وہ ملازمت چھوڑ چکی تھی۔ اس پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صرف اپنا تعارف کروایا تھا، جس پر ان کے شوہر نے کہا کہ شاید وہ ان کے لیے یک طرفہ جذبات رکھتی تھی۔
صبا فیصل کے مطابق شادی کے بعد انہیں یہ خدشہ بھی تھا کہ کہیں نئے رشتے کی وجہ سے پرانے تعلقات متاثر نہ ہوں، تاہم وقت کے ساتھ یہ خدشات ختم ہو گئے۔