زمین کے چار حصے لیتھوسفیئر (خشکی)، ہائیڈروسفیئر (پانی)، ایٹموسفیئر (فضا) اور بایوسفیئر (زندگی)،ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔خشکی جانداروں کو رہنے کی جگہ دیتی ہے، پانی زندگی کے لیے ضروری ہے، فضا سانس اور موسم فراہم کرتی ہے اور بایوسفیئر ان سب میں موجود جانداروں پر مشتمل ہے اوریہ چاروں مل کر زمین پر ایک متوازن اور زندہ ماحول بناتے ہیں۔
اس نظام میں کسی ایک جزو کی خرابی پورے نظام کو متاثر کرتی ہے اور آج ہم اسی بگاڑ کے دہانے پر کھڑے ہیں۔
گزشتہ صدی کے وسط سے لے کر اب تک صنعتی سرگرمیوں، بے ہنگم شہری پھیلاؤ، معدنی وسائل کے غیر محتاط استعمال اور توانائی کے لیے فوسل فیولز پر انحصار نے زمین کے قدرتی توازن کو شدید متاثر کیا ہے۔
کاربن سائیکل، جو کہ زمین کے درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، انسانی سرگرمیوں کے باعث بگڑ چکا ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ، میتھین اور نائٹرس آکسائیڈ جیسی گرین ہاؤس گیسوں کی مقدار میں غیر معمولی اضافہ زمین کے حرارتی نظام کو تبدیل کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی درجہ حرارت میں اضافہ (Global Warming) اور موسمیاتی تبدیلی (Climate Change) جیسے مظاہر شدت اختیار کر چکے ہیں۔
ارضیاتی ریکارڈ ہمیں بتاتا ہے کہ زمین ماضی میں بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے گزری ہے، مگر موجودہ تبدیلی کی رفتار غیر معمولی حد تک تیز ہے۔ یہ قدرتی نہیں بلکہ انسانی سرگرمیوں کا نتیجہ ہے۔
گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا، سمندری سطح میں اضافہ اور انتہائی موسمی واقعات جیسے شدید بارشیں، ہیٹ ویوز اور خشک سالی، یہ سب اس بگاڑ کی علامات ہیں، اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والی دہائیوں میں ساحلی شہر زیرِ آب آ سکتے ہیں اور زرعی نظام شدید متاثر ہو سکتا ہے۔
فضائی آلودگی بھی ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے اثرات نہ صرف ماحولیاتی بلکہ صحتِ عامہ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
صنعتی اخراج، گاڑیوں کا دھواں اور کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں نے فضا میں معلق ذرات (Particulate Matter) کی مقدار بڑھا دی ہے۔ یہ ذرات انسانی پھیپھڑوں میں داخل ہو کر سانس، دل اور اعصابی نظام کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی اب خاموش قاتل کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
آبی وسائل کی آلودگی اور قلت بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ زیر زمین پانی کے ذخائر (Aquifers) تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، جب کہ دریا اور جھیلیں صنعتی فضلے اور سیوریج کے باعث آلودہ ہو رہی ہیں۔
ہائیڈرو جیو لوجی کے اصولوں کے مطابق اگر پانی کے ذخائر کو ری چارج نہ کیا جائے تو ان کا ختم ہونا یقینی ہے۔ بدقسمتی سے ہم نے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور پانی کے پائیدار استعمال کی پالیسیوں کو نظر انداز کیا ہے۔
جنگلات کی کٹائی ارضیاتی اور ماحولیاتی دونوں حوالوں سے خطرناک ہے۔ درخت مٹی کے کٹاؤ (Soil Erosion) کو روکتے ہیں، زیر زمین پانی کو برقرار رکھتے ہیں اور کاربن کو جذب کر کے ماحول کو متوازن رکھتے ہیں۔
جب جنگلات ختم ہوتے ہیں تو زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بڑھتے ہیں اور ماحولیاتی توازن بگڑ جاتا ہے۔ یہ ایک چین ری ایکشن ہے جس کے اثرات طویل المدتی ہوتے ہیں۔
پاکستان جیسے ممالک، جو پہلے ہی موسمیاتی لحاظ سے حساس زون میں واقع ہیں، اس بحران سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ جغرافیائی طور پر پاکستان میں پہاڑی سلسلے، دریائی نظام اور ساحلی علاقے موجود ہیں، جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو مزید پیچیدہ بناتے ہیں۔
2022 کے سیلاب اس کی واضح مثال ہیں، جہاں غیر معمولی بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ یہ واقعات محض قدرتی آفات نہیں بلکہ ماحولیاتی بدانتظامی اور عالمی سطح پر ماحولیاتی عدم توازن کا نتیجہ ہیں۔
شہری علاقوں میں صورتحال مزید تشویشناک ہے۔ کچرے کا ناقص انتظام، پلاسٹک کی بھرمار، سیوریج کا ناقص نظام اور سبزہ زاروں کی کمی نے شہروں کو ماحولیاتی خطرات کا گڑھ بنا دیا ہے۔ پلاسٹک، جو کہ ایک نان بائیوڈیگریڈیبل مادہ ہے، مٹی اور پانی دونوں کو آلودہ کرتا ہے اور ماحولیاتی نظام میں طویل عرصے تک موجود رہتا ہے۔
اس پس منظر میں انسانی ذمے داری کا سوال نہایت اہم ہو جاتا ہے۔ ایک ماہر ِ ارضیات کے طور پر یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ زمین کا تحفظ محض جذباتی نعرہ نہیں بلکہ سائنسی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے طرزِ زندگی میں بنیادی تبدیلیاں لانا ہوں گی۔
توانائی کے متبادل ذرائع جیسے شمسی اور ہوا سے حاصل ہونے والی توانائی کو فروغ دینا ہوگا۔ پانی کے استعمال میں احتیاط، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا اور ری سائیکلنگ کو عام کرنا ہوگا۔
درخت لگانا ایک سادہ مگر انتہائی موثر عمل ہے۔ یہ نہ صرف کاربن کو جذب کرتے ہیں بلکہ شہری درجہ حرارت کو کم کرنے، آلودگی کو فلٹر کرنے اور حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ اسی طرح پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور ماحول دوست متبادل کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
حکومتی سطح پر بھی سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ ماحولیاتی قوانین کا سخت نفاذ، صنعتی اخراج کی نگرانی اور ماحولیاتی اثرات کے جائزے (Environmental Impact Assessments) کو موثر بنانا ضروری ہے۔ شہری منصوبہ بندی میں سبزہ زاروں، نکاسی آب کے نظام اور پائیدار ٹرانسپورٹ کو شامل کرنا ہوگا۔
تعلیم اور آگاہی اس جدوجہد کا بنیادی ستون ہیں۔ جب تک عوام کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ ماحولیاتی تحفظ ان کی اپنی بقا سے جڑا ہوا ہے، تب تک کوئی بھی پالیسی موثر ثابت نہیں ہو سکتی۔ تعلیمی نصاب میں ماحولیاتی علوم کو شامل کرنا اور میڈیا کے ذریعے شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔
زمین ہمیں وراثت میں نہیں ملی بلکہ یہ ایک امانت ہے جو ہمیں آنے والی نسلوں تک محفوظ حالت میں پہنچانی ہے۔ عالمی یومِ ارض ہمیں یہی پیغام دیتا ہے کہ اگر ہم نے آج اپنے رویے نہ بدلے تو کل بہت دیر ہو جائے گی، کیونکہ زمین کا نظام توازن کھو رہا ہے اور اس توازن کی بحالی اب ہماری اجتماعی ذمے داری ہے۔