سعدی ٹاؤن نہر سے دو روز قبل گرے لڑکے کی لاش برآمد، سپر ہائی وے نالے سے بھی ایک لاش مل

0 minutes, 0 seconds Read
سپر ہائی وے  سے ایک شخص کی نالے سے ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے جبکہ سچل غازی گوٹھ میں سعدی ٹاؤن نہر میں گر کر لاپتا 12 سالہ بچے کی لاش مل گئی۔

ایکسپریس کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے سپرہائی وے جمیل میمن کالونی ٹرپل اے کیٹل فارم کے قریب نالے سے ایک شخص کی نالے سے ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق متوفی شخص کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے اور متوفی کے پاس سے ایسی کوئی چیزبرآمد نہیں ہوسکی جس کی مدد سےاس کی شناخت ممکن ہوسکے۔

ایس ایچ او محمد علی شاہ نے بتایا کہ متوفی شخص کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود نہیں ہیں شبہ ہے کہ متوفی شخص نالے کی دیوار پرسو گیا تھا اور سوتے ہوئے کروٹ لینے پر نالے میں گرا اور ڈوب کر ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی تاکہ حتمی وجہ موت معلوم ہوسکے۔

سعدی ٹاؤن نہر میں گر کر لاپتا 12 سالہ بچے کی لاش مل گئی

دریں اثنا سچل غازی گوٹھ میں دو روز پہلے پانی کی لائن میں  گرکر لاپتا ہوئے نوعمر لڑکے کی لاش مل گئی۔

ترجمان ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق 12 سالہ زاہد جمعہ کے روز پانی کی لائن میں گر گیا تھا، دو روز سے ریسکیو آپریشن جاری تھا آج صبح لڑکے کی لاش سعدی ٹاؤن سے مل گئی۔ متوفی کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی۔

زاہد مدرسے کا طالب علم تھا جبکہ وہ 3 بھائیوں اور 2 بہنوں میں سب سے بڑا تھا جس پانی کی لائن میں گر کرلاپتا ہوا ہے اسے سعدی ٹاؤن نہر کہا جاتا ہے جو کہ واٹر کارپوریشن کی لائن ہے جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق ممکنہ طور پر زاہد کھیلتے ہوئے پانی کی لائن میں گرا تھا۔ زاہد کا والد محنت کش ہے جبکہ اس کا آبائی تعلق لورالائی بلوچستان سے ہے۔

متاثرہ مقام پر اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں اور متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں اپنائے گئے۔

Similar Posts