محکمہ موسمیات کی جانب سےجاری ہیٹ ویوالرٹ کےمطابق علاقائی اورعالمی موسمی صورتحال کےمطابق ای این ایس او،آئی اوڈی کی نیوٹرل حالت برقرارہے۔
بیشترعالمی موسمیاتی ماڈلزکےمطابق مئی سےجولائی کےدوران ال نینوکےفعال ہونےکے61فیصد امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کےمطابق ملک کےجنوبی علاقوں میں 29اپریل سے3مئی کےدوران کم شدت کی ہیٹ ویوصورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے،جس کےدوران ہیٹ ویوکی صورت میں درجہ حرارت بعض اوقات 52ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوزکرسکتا ہے،غیرمعمولی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے،اگرکسی شدید ہیٹ ویوکےامکانات پیدا ہوئے توبروقت مطلع کردیاجائےگا۔
جنوبی علاقوں میں گرمی کی لہرکےبرعکس ملک کےبالائی علاقوں پریکے بعد دیگرے دومختلف سلسلے اثرانداز ہو رہے ہیں۔ پہلا سسٹم 27اپریل کی رات سے29اپریل جبکہ دوسرا3مئی سے5مئی کےدوران اثراندازہوسکتا ہے، مغربی سلسلوں کی وجہ سےدرجہ حرارت میں 2تا 4ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سےجاری پیشگوئی میں مزید کہا گیا ہے کہ موسمیاتی ریکارڈ کےمطابق مئی اورجون سال کے گرم ترین مہینے ہوتے ہیں۔ جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اورجنوب مشرقی بلوچستان ملک کے زیادہ گرمی سے متاثر ہونے والےعلاقے ہیں، مذکورہ علاقوں میں مئی اورجون کےدوران معمول کا درجہ حرارت 43سے45ڈگری سینٹی گریڈ کےدرمیان رہتاہے۔
مشاہداتی اعدادوشمارکےمطابق ان علاقوں میں درجہ حرارت میں معمول سے2تا 4ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔ النینو اور لانینا دراصل ایک ہی بڑے موسمی نظام یعنی ای این ایس اوکے2مختلف مراحل ہیں۔ یہ دونوں بحرالکاہل کے درجہ حرارت اور ہواوں کی تبدیلی سےمنسلک ہیں۔
النینوکے فعال ہونے کے بعدبحرالکاہل کےدرمیانی اورمشرقی حصےکا پانی عام حالت سےزیادہ گرم ہوجاتا ہے۔یہ صورتحال پاکستان پربراہ راست اثرڈالتی ہے جس کےنتیجے میں پاکستان زیادہ گرمی،کم ہواوں اوربارشوں کا سامنا کر سکتا ہےجبکہ ملک کےکچھ علاقوں میں خشک سالی جیسی صورتحال بھی پیداہوجاتی ہے۔
النینوکےمقابلے میں لانینا میں صورتحال یکسرمختلف ہوتی ہے،لانینا کےسبب بحرالکاہل کا پانی ٹھنڈاہونےکی وجہ سے اس کے اثرات پاکستان اورجنوبی ایشیا کےدیگرممالک میں معمول سےتیزہواوں،زیادہ بارشوں اورسردی کی شکل میں نمودارہوتےہیں۔
ترجمان وڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات انجم نذیرضیغم نےایکسپریس نیوزکوبتایاکہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے مطابق اس وقت سمندر کا درجہ حرارت معمول سے 05ڈگری زیادہ ہے،جس وقت یہ08 ڈگری تک پہنچ جائے گاتواس بات کے 61 فی صد امکانات ہیں کہ مئی کے مہینے میں النینوفعال ہوجائےگا۔