پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔
منگل کو کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 11 کے پہلے کوالیفائر میں کپتان پشاور زلمی بابر اعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
یہ بابر اعظم کی رواں سیزن میں دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی سنچری ہے، وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم کے علاوہ حیدرآباد کنگزمین کے عثمان خان بھی پی ایس ایل میں 4 سنچریاں بناچکے ہیں اور وہ اس فہرہست میں 35 میچز میں 4 سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ کامران اکمل 75 میچز میں 3 سنچریوں کے ساتھ تیسرے، رئیلی روسو 104 میچز میں 3 سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور فخر زمان 121 میچز میں 3 سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
اس کے علاوہ بابر اعظم نے پی ایس ایل کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا فخر زمان کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔ بابر اعظم اب تک ایونٹ میں 588 رنز بناچکے ہیں جب کہ فخر زمان بھی 2022 میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 588 رنز بناچکے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کے پاس فخر کا ریکارڈ تورنے کے لیے کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ 2 میچز باقی ہیں۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر اعظم پی ایس ایل میں 4 مرتبہ 500 یا اس سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بابر اعظم پی ایس ایل کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ مرتبہ 500 رنز کرنے والے پلیئر بن گئے۔
اس سے قبل بابر نے 2024، 2023 اور 2021 میں بھی 500 رنز بنائے تھے۔ محمد رضوان نے 3 جب کہ فخر زمان اور کوشال مینڈس نے ایک ایک مرتبہ یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔