’امریکا کا ’خصوصی تعلق‘ برطانیہ کے ساتھ نہیں اسرائیل کے ساتھ ہے‘، برطانوی سفیر کی آڈیو لیک ہوگئی

0 minutes, 0 seconds Read
امریکا میں برطانیہ کے سفیر سر کرسچن ٹرنر نے ایک لیک ہونے والی آڈیو میں کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں امریکا کا ’خصوصی تعلق‘ برطانیہ کے ساتھ نہیں بلکہ ممکنہ طور پر صرف اسرائیل کے ساتھ رہ گیا ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سفیر نے اعتراف کیا کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان دفاع، معیشت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں اب بھی قریبی تعاون موجود ہے تاہم یہ تعلق ماضی جیسا نہیں رہا اور عالمی حالات کے مطابق تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔

سر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ یورپ کو اب اپنی سیکیورٹی کے لیے مکمل طور پر امریکا پر انحصار نہیں کرنا چاہیے بلکہ نئی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی اتحادی ممالک کو اپنے باہمی تعلقات اور ذمہ داریوں کا ازسرنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں امریکا کا سب سے مضبوط اور نمایاں تعلق اسرائیل کے ساتھ دکھائی دیتا ہے، جو خطے کی بدلتی سیاسی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔

دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفیر کی ذاتی رائے ہے اور اسے برطانیہ کی سرکاری پالیسی نہ سمجھا جائے۔

ماہرین کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سیاست میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں اور مغربی اتحاد کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

Similar Posts